The Daily Urdu Newspaper of Jammu and Kashmir

اوڑی کے بونیار سمیت مختلف علاقوں میں گزشتہ دو دنوں سے بنا اعلانیہ کے بجلی غائب

0

بارہمولہ/ 24 مارچ/ عاشق تلگامی

بونیار اور اوڑی کے مختلف علاقوں میں گزشتہ دو دنوں سے بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی نے عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق بجلی کی فراہمی کا کوئی متعین شیڈول نہیں ہے اور دن کے اوقات میں بار بار بجلی غائب ہو جاتی ہے، جس کی وجہ سے عام زندگی متاثر ہو رہی ہے۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ جو پاور کا شیڈول جاری کیا گیا ہے، اس کے مطابق بھی بجلی فراہم نہیں کی جا رہی۔ اکثر اوقات شیڈول کے باوجود بجلی وقت پر نہیں آتی، جبکہ بغیر کسی اطلاع کے طویل کٹوتیاں کی جا رہی ہیں، جس کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

لوگوں کا مزید کہنا ہے کہ بجلی کی بار بار بندش کی وجہ سے طلبہ کی تعلیم، کاروباری سرگرمیاں اور دیگر روزمرہ کے کام متاثر ہو رہے ہیں۔ خاص طور پر شام کے وقت اور سردی کے موسم میں بجلی نہ ہونے سے عوام کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

مقامی شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی کا فوری نوٹس لیا جائے اور ایک متعین شیڈول کے مطابق بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ کیا جا سکے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.