The Daily Urdu Newspaper of Jammu and Kashmir

جموں و کشمیر میں جے ڈی یو کی مقبولیت میں اضافہ، متعدد افراد کی شمولیت

جے ڈی یو میں شمولیت کا سلسلہ جاری، بی ڈی سی ہارون سمیت کئی افراد کی پارٹی میں شمولیت

0

سرینگر/ 28 مارچ/عاشق تلگامی

– جموں و کشمیر میں جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کا اثر و رسوخ بڑھتا جا رہا ہے، اور عوام کی بڑی تعداد اس پارٹی میں شمولیت اختیار کر رہی ہے۔ آج پارٹی صدر جی ایم شاہین کی موجودگی میں مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے سرینگر میں جے ڈی یو کے دفتر میں شمولیت اختیار کی۔ اس موقع پر بی ڈی سی ہارون، جناب الطاف بھی جے ڈی یو کا حصہ بن گئے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جی ایم شاہین نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام نیشنل کانفرنس سے مایوس ہو چکے ہیں، کیونکہ اس نے برسوں تک عوام کو گمراہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب لوگ جے ڈی یو کو ایک بہتر متبادل کے طور پر دیکھ رہے ہیں، کیونکہ یہ پارٹی عوامی مفادات کے تحفظ اور منصفانہ طرزِ حکمرانی کے لیے کام کر رہی ہے۔

آئندہ انتخابات میں بھرپور شرکت کا اعلان
جی ایم شاہین نے مزید کہا کہ جے ڈی یو جموں و کشمیر میں آئندہ پنچایتی اور میونسپل انتخابات میں حصہ لے گی اور انہیں یقین ہے کہ نیشنل کانفرنس کو بھاری شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی اپنے کارکنوں اور عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور حکومتِ ہند کے ذریعے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی کوشش کرے گی۔

عوامی مسائل کے حل پر زور
جے ڈی یو صدر نے عوامی مسائل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ روزگار کے مواقع اور کاروباری ترقی سمیت دیگر اہم معاملات پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ جے ڈی یو عوام کو بااختیار بنانے کے لیے اپنا مشن جاری رکھے گی اور جموں و کشمیر میں ایک مثبت تبدیلی لائے گی۔

جے ڈی یو میں شمولیت اختیار کرنے والے افراد نے پارٹی کے منشور اور قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ جموں و کشمیر کے بہتر مستقبل کے لیے جے ڈی یو کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.